رحیم یار خان : معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر ضلع رحیم یار خان میں تقریب کا انعقاد

26

رحیم یار خان ،03 دسمبر (اے پی پی ):معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر ضلع رحیم یار خان میں تقریب کا انعقادہوا

ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ہال میں منعقدہ تقریب میں ضلع کے تمام تعلیمی ادارے برائے باہم معذوری کے طلباء و اساتذہ نے شرکت کی ۔خصوصی بچوں کی جانب سے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا۔مرکزی تقریب میں خصوصی بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئےبصارت سے محروم افراد میں سفید چھڑیاں بھی تقسیم کی گئیں ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد میں رعائیتی سفری کارڈز بھی تقسیم کئے

ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی  نے کہا کہ معذورافراد کاعالمی دن معاشرے کے معذور افراد کی تکالیف کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کار لانے کی تجدید عہدکادن ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بسنے والے دیگر افراد کی طرح خوراک ،صحت اور تعلیم معذورافراد کا بنیادی حق ہے ،ضلع کے 7 اداروں میں زیر تعلیم 1100سے زائد بچوں کی فلاح وبہبود کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں تدریسی میٹریل اور جدید آئی ٹی لیبز فراہم کی جائیں گی ،اسکولز فار سپیشل پرسنز کی تزئین و آرائش اور سہولیات فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ،بچوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات سے مل کر کام کریں گے، رحیم یار خان اور صادق آباد تحصیلوں میں خصوصی بچوں کے سکول کے لئے جگہ فراہمی پر کام جاری ہے،معذور افراد کو قومی ، سماجی اورمعاشی دھارے میں لانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔