ملتان،06 جنوری(اے پی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی گرد وگرما کے شہر ملتان کو ڈسٹ فری بنانے کے لئے پرعزم ہے، شہر کو گرد اور مٹی سے پاک کرنے کے لئے بوسن روڈ کی پانی سے دھلائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور بوسن روڈ کو دونوں اطراف سے سیداں والا بائی پاس تک صاف کیا جارہا ہے اور چونگی نمبر9 سے ہائیکورٹ چوک تک روڈ واشنگ مکمل کر لی گئی ہے اور پل موج دریا سے ایم ڈی چوک اور چوک کمہاراں والا فلائی اوور کی سکریپنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے کمپنی چئیر مین آدم سعید راں نے کہا کہ ملتان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سڑکوں کو ڈسٹ فری بنانے کی مہم شروع کی گئی ہے ، مرحلہ وار تمام شاہراہوں کو ڈسٹ فری بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ موسم بہار کے موقع پر پورے شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنایا جائے گا۔
سی ای او شکیل احمد بھٹی نے کہا کسی بھی شہر کی شاہراہیں اس کا چہرہ ہوتی ہیں، شہر کی تمام سڑکوں کو ڈسٹ فری بنانے کے لئے 10دن کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں،کمرشل اور رہائشی علاقوں کی صفائی کے لئے مختلف اوقات مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔











