ملتان، 06 جنوری(اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ نے کہا ہے کہ شہریوں کی فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے شکایات کے بروقت ازالہ میں ڈنگ ٹپاؤ پالیسی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، تمام موصول ہونے والی شکایات کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جائے نہ کہ ٹیم موقع پر جائے مشینری کے ذریعے عارضی طور پر ریلیف فراہم کرے اور چند گھنٹوں یا دنوں میں دوبارہ اوورفلو کی شکایت شروع ہو جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے احکامات کمپلینٹس کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے شہریوں کی شکایات کے حوالے سے واسا ہیڈ آفس میں قائم آن لائن کمپلینٹ سیل کے ساتھ سیوریج اور واٹر سپلائی کے ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں کی سطح پر شہریوں کو شکایت کے اندراج کے لئے بھی سہولت دینے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ نے کہا کہ آئندہ شہریوں کی طرف سے درج کی جانے والی ہر کمپلینٹ کو 24گھنٹے کے اندر حل کرنے کی ذمہ داری متعلقہ سب انجینئر پر ہوگی، 48گھنٹے تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ جبکہ 3یوم تک شکایت کے ازالے کی ذمہ داری ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ کی ہو گی اور مقررہ ٹائم فریم میں شکایت دور نہ ہونے کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس دوران ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اپنی اپنی حدود میں ڈی سلٹنگ مہم کو مزید بہتر اور موئثر بنانے کی ہدایت کی تاکہ آئندہ مون سون سیزن شروع ہونے سے قبل سیوریج لائنوں کی صفائی اور شکایات کا تدارک کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر انجینئرنگ وایڈمن عبدالسلام ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن عارف عباس،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج منعم سعید ،حافظ محمد وقاص ،رائے محمد ساجد،اسٹنٹ ڈائریکٹر کمپلینٹ سیل عبدالمعید بھی اجلاس میں شریک تھے۔











